چیف جسٹس نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کا افتتاح کردیا

چیف جسٹس نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کا افتتاح کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے چادر پوشی کر کے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 975 ویں سالانہ عرس کی تقریبات افتتاح کردیا۔

تفصیلات کے مطابق برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید ابوالحسن علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے 975 ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا، چیف جسٹس آف پاکستان نے رسم چادر پوشی کے ذریعے تقریبات کا افتتاح کیا، اس موقع پر وزیراوقاف و مذہبی امور پنجاب پیرسیدسعید الحسن شاہ،سیکرٹری اوقاف پنجاب ذوالفقارگھمن،ڈائریکٹرجنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سمیت زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر تلاوت قرآن پاک کے بعد  محفل نعت کا انعقاد  کیا گیا، جس میں نامور نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا

ناقصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما

حضرت داتا گنج بخش  کے عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی، دوسرے روز کا آغاز قرآن خوانی سے ہوگا جس کے بعد محفل سماع اور علمی محافل کا اہتمام کیا جائے گا۔ عرس کے تیسرے روز رات گیارہ بجے اختتامی دعا کے ساتھ تین روز ہ تقریبات کا اختتام ہو جائے گا۔

عرس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے ہیں۔ ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا تعین بھی کیا گیا ہے۔ ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

چیف جسٹس کی میڈیا سے گفتگو 

داتا دربار کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان  نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش جیسے بزرگوں کی لاہور پر  خاص رحمتیں ہیں، انہوں نے انسانیت کی خدمت کا پیغام دیا۔ بزرگان دین کی وجہ سے اسلام قائم ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ دعا کریں اللہ محنتی اور قابل حکمران عطا کرے ۔ ہمیں اس ملک کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ پاکستان ترقی کی جانب رواں دواں ہے، اگر اسی طرح محنت جاری رہی تو ہم جلد ترقی کی منازل طے کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آبی بحران کا مسئلہ ہے، اس کیلئے ڈیم بنانا بہت ضروری ہے، اور ڈیم ہر صورت بنے گا۔ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ ڈیم میں حصہ ڈالے۔

مزید تفصیل جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں

Sughra Afzal

Content Writer