عرفان ملک: سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قبضہ مافیا، غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی اور منشیات فروشی کے خاتمے کے اقدامات کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں شہریوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے واگزار کرانے اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ پولیس افسران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کرتے ہوئے عوام کو قبضہ مافیاسے حق دلائیں اور جو لوگ دوسروں کی جائیداد یا زمین پر قبضہ کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
منشیات کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کُومبنگ آپریشنز تیز کرنے اور بیک ٹریک کے ذریعے منشیات کے نیٹ ورک کا خاتمہ یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ منشیات فروشی کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا۔
اجلاس کو غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ہدایت کی گئی کہ اس حوالے سے کارروائیاں تیز کی جائیں۔ سی سی پی او نے پولیس افسران کو قانون کی بالا دستی یقینی بنانے اور زیر تفتیش مقدمات کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات بھی دی ہیں۔