عمران یونس: نان بائی ایسوسی ایشن نے پھر سادہ روٹی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کردیا، سادہ روٹی کی قیمت 6 سےبڑھا کر 8 روپے کی جائے جبکہ فائن آٹے کی قیمت میں کمی کر کے کنٹرول ریٹ پر فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کےصدر آفتاب گل، نائب صدرسلیم کاکا خیل اورجنرل سیکرٹری خان افسر نے دیگر ممبران کے ہمراہ وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری سے پنجاب اسمبلی کمیٹی روم میں ملاقات کی، ایسوسی ایشن ممبران نےوزیرخوراک کودرپیش مسائل اور تحفظات سےآگاہ کیا۔
صدر آفتاب گل کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی اوردیگر اخراجات کے باعث سادہ روٹی دو ہزار تیرہ کے نرخوں پر فروخت کرنے سے قاصر ہیں، حکومت سادہ روٹی کی قیمت آٹھ روپے مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کرے، ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ تندورمالکان کو فائن آٹا سستے نرخوں اور کنٹرول ریٹ پر فراہم کیا جائے۔
وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو سستی روٹی کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ایسوسی ایشن کے تمام جائزمطالبات حل کرنے کیلئے کوشش کی جائے گی، تاہم سادہ روٹی کی قیمت آٹھ روپے مقرر کرنے کے حوالے سے فی الحال فیصلہ نہیں کیا حاسکتا۔
واضح رہے کہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے کچھ عرصہ قبل سادہ روٹی کی قیمت سات روپے مقرر کرنے کامطالبہ کیا تھا۔