بسیم افتخار: کراچی میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز شہریوں کی بڑی تعداد ناشتے کیلئے مختلف ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس کا رخ کرنے لگی، جہاں روایتی حلوہ پوری، چنے اور دال کچوری لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
خصوصی طور پر عائشہ منزل کے علاقے میں حلوہ پوری کی مشہور دکانوں پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں صبح سویرے ہی شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
عیدالاضحیٰ پر قربانی کے مراحل مکمل کرنے کے بعد شہری اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ روایتی ناشتے سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ کئی مقامات پر پارسل لینے کیلئے بھی لوگوں کو طویل انتظار کرنا پڑا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ قربانی کے بعد حلوہ پوری اور کچوری کا ناشتہ عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیتا ہے اور یہ روایت برسوں سے عید کے تہوار کا حصہ چلی آ رہی ہے۔
دوسری جانب ناشتے کے مراکز پر کام کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں حلوہ پوری، چنے اور کچوری کی مانگ کئی گنا بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث صبح سویرے ہی دکانوں پر رش لگ جاتا ہے۔
شہر بھر میں روایتی ذائقوں سے بھرپور ناشتے نے عیدالاضحیٰ کی خوشیوں کو مزید بڑھا دیا اور شہری عید کے دوسرے روز اہل خانہ کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے دکھائی دیے۔