پی سی بی نے 26 خواتین کرکٹرز کو ملتان طلب کرلیا

Women Cricketers
کیپشن: Women Cricketers
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

نشتر پارک (حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیے 26 خواتین کرکٹرز کو ملتان طلب کرلیا۔

 26 خواتین کرکٹرز پر مشتمل نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ 29 مئی سے ملتان میں شروع ہوگا، خواتین کھلاڑیوں کی  اسکلز اور فٹنس میں بہتری لانے کی غرض سے لگایا جانے والا یہ 25 روزہ کیمپ 22 جون تک انضمام الحق ہائی پرفارمنس سنٹر ملتان میں جاری رہے گا، اس دوران قومی خواتین کرکٹرز 7 پریکٹس میچز بھی کھیلیں گی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کیمپ کی نگرانی کریں گے، نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کے انعقاد کا مقصد رواں سال آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر اور آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ سے قبل قومی خواتین کرکٹرز کو تیاری کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے، پی سی بی  کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت یہ کیمپ بھی بائیو سیکیور ماحول میں جاری رہے گا۔

 کیمپ کے شرکاء کی پری آرائیول کوویڈ 19 ٹیسٹنگ آج کی جائے گی، ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں تمام افراد نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں اکھٹے ہوں گے، جہاں سے وہ بذریعہ روڈ ملتان روانہ ہوں گے، ملتان پہنچنے پر ان تمام افراد کی دوبارہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کرکے انہیں آئسولیشن میں بھیج دیا جائے گا، جن افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئے گی انہیں 31 مئی سے شروع ہونے والے ٹریننگ سیشنز میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

4 جون کو کی جانے والی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے رزلٹ  نیگٹیو آنے پر تمام افراد کو ایک گروپ میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی، کیمپ میں طلب کردہ خواتین کرکٹرز میں عالیہ ریاض، ایمن انور، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، جویریہ رؤف، کائنات امتیاز، کائنات حفیظ، ماہم طارق، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم ، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer