ویب ڈیسک:پاکستانی گلوکار بلال سعید نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے بعد سامنے آنے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے ناقدین کو جواب دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بلال سعید اور آئمہ بیگ ان دنوں لندن میں اپنے نئے پراجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ حالیہ دنوں دونوں فنکاروں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں انہیں مداحوں کے ساتھ وقت گزارتے اور تصاویر بنواتے دیکھا گیا۔
وائرل ویڈیو کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ دونوں فنکار مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے، جبکہ کچھ صارفین نے آئمہ بیگ کے لباس پر بھی تنقید کی۔
اس تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے بلال سعید نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا اور کہا کہ وہ لندن میں شوٹنگ کر رہے تھے اور وائرل ہونے والی ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ اگر ویڈیو کو غور سے دیکھا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ان کے ہاتھ میں کافی کے کپ تھے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اردگرد موجود کچھ لوگ شراب استعمال کر رہے ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ بھی ایسا کر رہے تھے۔
بلال سعید نے مزید کہا کہ انہیں پاکستان کی نمائندگی کا طریقہ سکھانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ وہ اپنے فن کے ذریعے ملک کی نمائندگی کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔