ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم کا ایس ایم ایز کے لیے قرضوں تک رسائی بڑھانے کا بڑا فیصلہ، بینکوں کی کارکردگی پر خصوصی ایوارڈ کا اعلان

وزیراعظم کا ایس ایم ایز کے لیے قرضوں تک رسائی بڑھانے کا بڑا فیصلہ، بینکوں کی کارکردگی پر خصوصی ایوارڈ کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں کاروباری شعبے، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں ( ایس ایم ایز) کی قرضوں تک رسائی بڑھانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالیاتی سہولیات کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے، جس سے سرمایہ کاری، پیداوار، روزگار کے مواقع اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کاروباری برادری، بالخصوص ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا عمل مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ جو بینک ایس ایم ایز کو سب سے زیادہ قرضے فراہم کرے گا، اسے ہر سال خصوصی ایوارڈ دیا جائے گا۔ اجلاس میں مالیات تک رسائی کے فروغ کے لیے تین سطحی گورننس ڈھانچے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے، جبکہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے اور گورنر اسٹیٹ بینک شریک چیئرمین ہوں گے۔ ایس ایم ای، زراعت، آئی ٹی، نئی توانائی اور ہاؤسنگ فنانس کے لیے الگ الگ ذیلی کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2026 میں ایس ایم ای فنانسنگ کا حجم 1.15 ٹریلین روپے سے بڑھا کر جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسی مدت میں ایس ایم ای قرض لینے والوں کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار کرنے، جبکہ بینکاری قرضوں میں ایس ایم ای فنانسنگ کا حصہ 9.9 فیصد سے بڑھا کر 13 فیصد تک پہنچانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ بریفنگ کے مطابق اہداف کے حصول اور بینکوں کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کے لیے اسکورنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین پاکستان بینکرز ایسوسی ایشن ظفر مسعود اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔