ویب ڈیسک:بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان رواں ماہ تیسری شادی کے بعد شدید عوامی بحث اور تنقید کی زد میں آ گئے،اپنی دیرینہ دوست گوری اسپریٹ سے شادی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آئیں، وہیں بعض شدت پسند ہندو تنظیموں کی جانب سے ان کے خلاف تنقید کی جارہی ہے۔ اسی موضوع پر اداکارہ حنا خان نے بھی اداکارہ روبینہ دلائیک کے ساتھ اپنے مشترکہ پوڈ کاسٹ میں عامر خان پر تنقید کے نشتر چلائے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق عامر خان کی گوری اسپریٹ سے رواں ماہ شادی کے بعد بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے خلاف تنقید کی جارہی ہے۔ اسی موضوع پر اداکارہ حنا خان نے حال ہی میں اداکارہ روبینہ دلائیک کے ساتھ اپنے مشترکہ پوڈ کاسٹ میں کی، پوڈ کاسٹ میں حنا خان اور روبینہ کے ساتھ انکے شوہر راکی جیسوال اورابھینو شکلا بھی شریک تھے۔ معاشرتی رویوں پر بات کرتے ہوئے حنا نے کہا’’ایک عام آدمی فطری طور پر یہی سوچے گا کہ واقعی؟ پھر سے شادی؟ اس رشتے کو بھی چھوڑ دیا؟‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ وہ عامر خان کے فیصلے پر تنقید نہیں کر رہیں بلکہ صرف یہ بتا رہی ہیں کہ معاشرے میں عموماً اس طرح کے معاملات کو کس نظر سے دیکھا جاتا ہے۔حناخان نے کہا کہ روبینہ ہمارے معاشرے میں بار بار شادی کرنا... پھر شادی، پھر شادی... اسے زیادہ اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ اس پر راکی جیسوال نے کہا’’شادی کو چھوڑیں، ہمارے معاشرے میں تو طلاق کو بھی اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاتا۔
شادی کے بعد عامر خان کو بعض ہندو دائیں بازو کی تنظیموں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کچھ افراد نے انہیں ’’لو جہاد کا برانڈ ایمبیسیڈر‘‘ بھی قرار دیا۔ ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ یہ دعوے بے بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق گوری اسپریٹ ایک عیسائی ہیں اور انکی کسی بھی اہلیہ نے شادی کیلئےاسلام قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا’’حقیقت یہ ہے کہ ہمارا خاندان بہت کشادہ سوچ رکھتا ہے۔ میری دونوں بہنوں کی شادیاں ہندو خاندانوں میں ہوئی ہیں، میری بیٹی نے بھی ایک ہندو سے شادی کی ہے، جبکہ میرے کزن منصور کی اہلیہ عیسائی ہیں۔ نہ گوری، نہ کرن اور نہ ہی رینا نے شادی کیلئے اپنا مذہب تبدیل کیا، کیونکہ ہماری تمام شادیاں سول میرج تھیں۔ گوری ہندو نہیں بلکہ عیسائی ہیں، اور وہ بھی مذہبی طور پر سرگرم عیسائی نہیں ہیں۔ وقت کے ساتھ زندگی مزید دلچسپ ہوتی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان اور گوری اسپریٹ نے5جولائی کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں اداکار کی رہائش گاہ پر ایک نجی تقریب میں شادی کی۔ یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ عامر خان نے پہلی شادی رینا دتہ سے 1986میں کی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں۔ دونوں کی طلاق 2002 میں ہوئی۔ اس کے بعد عامر نے فلم ساز کرن راؤ سے 2005 میں شادی کی۔2011 میں سروگیسی کے ذریعے ان کے ہاں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی۔ اگرچہ 2021میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا، تاہم عامر آج بھی رینا دتہ اور کرن راؤ دونوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔