ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کسانوں کیلئے "لیب آن ویلز" سروس کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کسانوں کیلئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کو جدید زرعی سہولیات کی فراہمی کے لیے انقلابی "لیب آن ویلز" سروس کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت موبائل لیبارٹریاں براہِ راست کھیتوں میں جا کر مٹی اور پانی کے نمونوں کی جانچ کریں گی۔

حکام کے مطابق موبائل لیب ٹیم کسان کے کھیت سے مٹی اور پانی کے نمونے آن دی اسپاٹ حاصل کرے گی، جہاں فوری سائنسی تجزیہ بھی کیا جائے گا۔ ٹیسٹنگ کے نتائج موقع پر ہی موبائل ایپ میں درج کیے جائیں گے اور رپورٹ فوری جاری کر دی جائے گی۔

رپورٹ میں زمین کی ضرورت کے مطابق کھادوں کے استعمال، موزوں فصلوں کے انتخاب اور زرعی بہتری سے متعلق سفارشات شامل ہوں گی۔ یہ رپورٹ کسان کو ایس ایم ایس اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی ارسال کی جائے گی تاکہ وہ اپنے موبائل فون پر مکمل ڈیجیٹل رپورٹ باآسانی دیکھ سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مٹی کی درست جانچ اور متوازن کھادوں کا استعمال پنجاب کو زرعی خودکفالت کی جانب لے جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پنجاب کی زراعت کو سائنسی اور ڈیجیٹل دور میں داخل کر دیا ہے اور ہدف پیداواری لاگت میں کمی جبکہ فی ایکڑ پیداوار اور آمدن میں اضافہ ہے۔

اس منصوبے کے تحت زرعی ماہرین کسانوں کو کھیت میں ہی عملی مشاورت فراہم کریں گے، جبکہ شفافیت یقینی بنانے کے لیے سینٹرل کنٹرول روم، لائیو کیمرہ اسٹریمنگ اور ڈیش بورڈ مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کسان کی درخواست موصول ہونے پر موبائل لیب کا شیڈول وزٹ مقرر کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ لیب انچارج کی منظوری کے بعد ٹیم کھیت کا دورہ کرے گی، جبکہ موبائل ایپ کے ذریعے فیلڈ ٹیم کی موقع پر حاضری بھی ریکارڈ کی جائے گی۔

 اس اقدام سے کسانوں کو زمین کی بہتری اور فصلوں کی نگہداشت سے متعلق جدید رہنمائی ان کی دہلیز پر فراہم کی جائے گی۔