طاہر جمیل:شہر میں روٹی کی قیمت کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ اور نان روٹی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق روٹی کی قیمت میں غیر اعلانیہ طور پر 3 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں روٹی کی غیر اعلانیہ سرکاری قیمت 17 روپے ہو گئی ہے اور اس نرخ پر روٹی فروخت کرنے والے تندور مالکان کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی، تاہم سرکاری نرخ نامے میں اب بھی روٹی کی قیمت 14 روپے درج ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے 20 روپے میں روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ متعدد علاقوں میں خلاف ورزی پر تندور سربمہر بھی کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نانبائیوں نے 3 روپے اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مہنگے آٹے، گیس اور دیگر پیداواری اخراجات کے باعث موجودہ نرخ پر کاروبار چلانا ممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی کی کم از کم قیمت 20 روپے مقرر کی جائے۔
ذرائع کے مطابق روٹی کی حتمی قیمت کے تعین کے لیے ضلعی انتظامیہ اور نان روٹی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔