زبیر احمد کلواڑ:دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس کے باعث نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے جبکہ آئندہ چند گھنٹوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 40 ہزار 523 کیوسک ریکارڈ کی گئی، جبکہ پانی کا اخراج 3 لاکھ 3 ہزار 947 کیوسک رہا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں 57 ہزار 779 کیوسک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے سیلابی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب بھی ڈکلیئر کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب پانی کی سطح میں اضافے کے باعث کچے کے علاقوں کے مکین شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایریگیشن انتظامیہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کرتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔