ویب ڈیسک : نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ اور بے فارم بنوانے والے شہریوں کی سہولت کے لیے بڑا اقدام کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اور چیئرمین نادرا کی نگرانی میں، ڈائریکٹر جنرل نادرا لاہور ریجن نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 11 ڈاک خانوں میں خصوصی نادرا کاؤنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ یہ خصوصی کاؤنٹرز محکمہ پاکستان پوسٹ، پنجاب ریجن کے تعاون سے لاہور کینٹ، جی پی او، مانگا منڈی، شیرشاہ کالونی، شاہدرہ، قلعہ شیخوپورہ، قصور، نارووال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور اوکاڑہ کے ڈاک خانوں میں قائم کیے گئے ہیں، ان مراکز پر شہریوں کو شناختی کارڈ کی تجدید، گمشدہ کارڈ کے اجراء جیسی اہم خدمات فوری اور سہل انداز میں فراہم کی جائیں گی۔
نادرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب شہریوں کو نادرا سینٹرز میں لمبی قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ وہ قریبی ڈاک خانوں سے بھی بآسانی اپنی شناختی دستاویزات کی تجدید اور ترمیم کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔