سٹی 42: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفد کے ہمراہ چین میں ہواوے کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جس میں پنجاب کو مصنوعی ذہانت سے لیس صوبہ بنانے، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔
ہواوے کے اعلیٰ عہدیداروں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ساتھ ہواوے کی اشتراک کار کا خیرمقدم کرتے ہوئے کمپنی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بھرپور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں پنجاب کے ایک ہزار نوجوانوں کو ہواوے ماسٹر ٹرینر کے طور پر تربیت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ 300 خواتین ٹرینرز کو بھی ہواوے مصنوعی ذہانت کی تربیت فراہم کرے گا۔ پنجاب میں مصنوعی ذہانت ڈیلیوری یونٹ کے قیام کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نواز شریف آئی ٹی سٹی میں 6 ڈیٹا سینٹرز اور ساورن ڈیٹا سینٹر کے قیام پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت سے لیس صوبہ بنانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری پر اتفاق کیا گیا ملاقات میں مؤثر سرکاری اور کاروباری اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے طریقہ کار کی اہمیت پر بھی بات ہوئی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سمارٹ سٹی، کمانڈ سینٹر، صحت، تعلیم، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں ہواوے کے اشتراک کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں پنجاب میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ ٹیکنالوجیز، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ اور سمارٹ عوامی خدمات کے روڈ میپ کا بھی جائزہ لیا گیا انفرادی ٹیکنالوجی منصوبوں اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ماحولیاتی نظام میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ہواوے اور حکومت پاکستان کے درمیان اشتراک کار کو مؤثر بنانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی ڈیجیٹل تبدیلی میں معاونت کے لیے ہواوے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں آگے بڑھانا اولین ترجیح ہے پنجاب پاکستان اور جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ فعال صوبہ ہے اور اقتصادی ترقی، جدت، روزگار اور بہتر عوامی خدمات میں معاونت کر سکتا ہے۔
پنجاب حکومت کارکردگی، شفافیت، فیصلہ سازی، شہریوں کی خدمات کے معیار اور ٹیکنالوجیز کے بھرپور استعمال کو یقینی بنا رہی ہے مریم نواز شریف کے مطابق ٹیلنٹ کی نشوونما اور ٹیکنالوجی تک جامع رسائی پنجاب کی حکمت عملی کے اہم ستون ہیں۔ معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری ڈیجیٹل طور پر بااختیار، فعال، اختراعی اور شہریوں پر مرکوز پنجاب کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور مقامی مصنوعی ذہانت کے ماڈلز تیار کیے جائیں گے صوبائی معاون خصوصی علی ڈار نے پنجاب میں اے آئی آفس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور گورننس کے لیے مصنوعی ذہانت کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔
معاون خصوصی علی ڈار نے کہا کہ پنجاب ڈیٹا لئیر اور ڈیجیٹلائزیشن پر مؤثر کام کر رہا ہے جبکہ صوبے میں 65 فیصد نوجوان آبادی کے باعث بہتر اور شاندار مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن کے لیے استعمال کرنے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ 2029ء تک پنجاب جنوبی ایشیا میں مصنوعی ذہانت سے منسلک اور مربوط نظام رکھنے والا صوبہ بن جائے گا۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں مصنوعی ذہانت کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جا رہا ہے جبکہ طلبہ کے لیے اے آئی کے ذریعے مارکیٹ میں مواقع پیدا کرنے کا پائلٹ منصوبہ بھی کامیاب ہوچکا ہے۔
علی ڈار کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی، زراعت، ٹریفک اور دیگر شعبوں میں مصنوعی ذہانت کی معاونت مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔ پاکستان بھر میں پنجاب اے آئی آفس قائم کرنے والا پہلا صوبہ ہے اور اے آئی کے امور میں چین کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں فری لانسرز کے لحاظ سے چوتھا بڑا ملک ہے۔ حکومت پنجاب سرکاری افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ساتھ کابینہ ارکان کو بھی مصنوعی ذہانت کی تربیت فراہم کر رہی ہے۔
صوبائی معاون خصوصی نے بتایا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فور لئیر ڈیٹا سینٹر قائم کیا جائے گا ہواوے کے سینئر ایگزیکٹو نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے ہواوے پنجاب کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔