ویب ڈیسک : پنجاب کے دریاؤں میں شدید طغیانی اور سیلاب سے بڑی تباہی کے بعد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مدد کی اپیل کر دی۔
اس وقت پنجاب کے بیشتر علاقے بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں شدید سیلاب کی زد میں ہیں۔ اس صورتحال میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پاکستانی عوام سے سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
اپنے بیان میں یوسف رضا گیلانی نے پاکستانی عوام سے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کریں۔ مخیر لوگ غریب اور بے سہارا عوام کو مشکل حالات میں سہارا دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلوں کے باعث ہزاروں خاندان متاثر ہو سکتے ہیں۔ آزمائش کی گھڑی میں قوم اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھے۔ عوام حکومتی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور سیلابی ریلے اب جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پیشگی اقدامات اور عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقلی کی ضرورت ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کو تیز تر بنایا جائے۔ عوام بھی احتیاطی تدابیر اختیار اور حکومت کی ہدایات پر عمل کریں ۔