ویب ڈیسک : شہرِ قائد میں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنانے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد تمام اہلکاروں کو حفاظت کے لیے دورانِ ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے، جاری کردہ ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں تمام پولیس اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس پہننے اور اکیلے اہلکار کو پکٹ یا پٹرولنگ پر نہ بھیجنے کی ہدایات کی ہیں۔
جاری کردہ ہدایت نامہ کے مطابق متعلقہ ڈی ایس پیز ڈپلائنمنٹ سے پہلے اہلکاروں کو بریفنگ دیں۔ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز گشت کے دوران سیکیورٹی کا معائنہ کریں۔ اس کے علاوہ وی آئی پیز اور وی وی آئی پیز کے ساتھ تعینات سیکیورٹی گارڈز کو چیک کریں، اور انہیں دوران ڈیوٹی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بریفنگ دیں۔
ایڈیشنل آئی جی کا جاری کردہ یہ ہدایت نامہ کراچی رینج کے تمام ڈی آئی جیز کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں سی آئی اے، ٹریفک اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی یہ ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔