ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب اسمبلی:سموگ تدارک کیلئے  وزیراعلیٰ کے اقدامات پرخراجِ تحسین کی قرارداد  منظور

خاتون سائیکلسٹ معطر منظور کو سرکاری وسائل پر ٹریننگ دینے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور

پنجاب اسمبلی:سموگ تدارک کیلئے  وزیراعلیٰ کے اقدامات پرخراجِ تحسین کی قرارداد  منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد) پنجاب اسمبلی کے آ ج ہونیوالے اجلاس میں صوبہ پنجاب میں سموگ تدارک کے لئے  وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات پر خراجِ تحسین کی قرارداد  اور خاتون سائیکلسٹ معطر منظور کو سرکاری وسائل پر ٹریننگ دینے کی قرارداد متفقہ طور پر ایوان نے منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں سموگ تدارک کے لئے  وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات پر خراجِ تحسین کی قرارداد   ایوان میں حکومتی رکن رانا طاہر اقبال نے پیش کی۔ قرارداد کے متن کے مطابق یہ ایوان صوبہ پنجاب میں سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کی جانے والی مؤثر بروقت اور عملی کاوشوں کو سراہتا ہے، اقدامات کے نتیجے میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں بہتری اور فضائی آلودگی کے اثرات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، یہ ایوان اس امر کو قابل تحسین قرار دیتا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی رہنمائی اور نگرانی میں سموگ کے تدارک کے لیے مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات کیے گئے، ان اقدامات میں فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام ،صنعتی اخراج پر موثر کنٹرول، اینٹوں کے بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنا، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور ائیر کوالٹی مانیٹرنگ کے نظام کو فعال اور مؤثر بنانا شامل ہے۔

قرار داد میں مزید کہا گیا ہےکہ یہ ایوان اس امر کو بھی سراہتا ہے کہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاف، سر سبز اور صحت مند پنجاب کے وژن کے تحت سموگ کے خلاف حکومتی اقدامات کی ہم آہنگی، بین المحکماتی رابطہ کاری، فیلڈ لیول نگرانی اور عوامی آگاہی کے فروغ میں فعال کردار ادا کیا، ان اقدامات سے فضائی آلودگی کے تدارک کی کوششوں کو مؤثر سمت ملی، یہ ایوان اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں سموگ کے خاتمے ، صوبے میں صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل تائید اور حمایت جاری رکھی جائے گی۔

اسمبلی اجلاس میں خاتون سائیکلسٹ معطر منظور کو سرکاری وسائل پر ٹریننگ دینے کی قرارداد متفقہ طور پر ایوان سے منظور کی گئی۔ قرارداد حکومتی رکن طاہرہ مشتاق نے ایوان میں پیش کی۔قرار داد میں کہا گیا کہ یہ ایوان وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہے کہ انہوں نے کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 میں سائیکلنگ کو شامل کر کے خواتین سائیکلسٹس کی حوصلہ افزائی کی، اس اقدام سے خواتین کواپنی صلاحیتیں دکھانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا، یہ ایوان کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 میں معطر منظور کی سائیکلنگ میں غیر معمولی کارکردگی پر انہیں بھر پور مبارکباد پیش کرتا ہے، انہوں نے اپنی محنت اور مہارت سے 500 میٹر ٹائم ٹرائلز، 200 میٹر فلائنگ سپرنٹ اور کیرن ریس میں گولڈ میڈلز اور ایلیومینیشن ریس میں برونز میڈل کے اعزازات حاصل کر کے سائیکلنگ کے کھیل میں اپنا نام روشن کیا ہے۔

  قرارداد میں مزید کہا گیا ہےکہ یہ ایوان حکومت پنجاب سے پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ معطر منظور کی حالیہ شاندار کامیابیوں کے پیش نظر حکومت انہیں اپنی سرپرستی میں لے، آئندہ آنے والے ملکی و بین الاقوامی مقابلوں کی بھر پور تیاری کے لیے انہیں بہترین ٹریننگ ، جدید ترین آلات اور کوچنگ کی تمام ضروری سہولیات سرکاری سطح پر فراہم کی جائیں، تا کہ یہ کھلاڑی اپنے ملک کا نام روشن کر سکے، قرارداد پر رکن اسمبلی طاہرہ مشتاق، صائمہ زاہد، زیبا غفور ،زیب النساء اعوان اور تحسین فواد و دیگر کے نام موجود ہیں۔