سٹی42: سپین اور پرتگال میں بجلی کی بندش سے زندگی کا نظام بدستور درہم برہم ہے۔ لاکھوں شہری بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ سپین کے وزیراعظم نے اب قوم سے خطاب اور نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ ڈیجیٹل بینکنگ اور پیمنٹ سسٹم کام کر رہے ہیں۔ پرتگال کے وزیر اعظم لوئیس مونٹی نیگرو کا کہنا ہے کہ اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ سائبر حملے کی وجہ سے بجلی کی بندش ہوئی۔
سپین میں ٹرینیں اور میٹرو سروس کل تک بند رہنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سپینش وزیراعظم کا قوم سے خطاب
پرائم منسٹر پیڈرو سانچیز نے قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اب اپنی نیوز کانفرنس شروع کر دی ہے۔
ہسپانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بلیک آؤٹ کی وجہ سے متعلق کوئی حتمی معلومات نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال عوامی سلامتی کے مسائل نہیں ہیں۔
اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے ہسپانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ادائیگی کے نظام اور ڈیجیٹل بینکنگ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
پرائم منسٹر سانچیز نے بتایا کہ ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم ایک نازک صورتحال میں ہے۔ انہوں نے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنے فون کو ذمہ داری سے استعمال کریں اور صرف مختصر کال کریں۔
سپین کے پرائم منسٹر سانچیز کا یہ بھی کہنا ہے کہ قومی سلامتی کونسل آج شام ایک بار پھر اجلاس کرے گی تاکہ مزید اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے جو ضروری ہو سکتے ہیں۔