ویب ڈیسک :مقتول صحافی ارشد شریف کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی، جب کہ تدفین ایچ الیون قبرستان میں ہوئی۔
معروف اینکر اور سینئر صحافی ارشد شریف کی نمازجنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد ارشد شریف کی میت تدفین کے لیے ایچ الیون قبرستان پہنچائی گئی جہاں سوگواروں کی موجودگی میں انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔اس سے قبل ورثاء کی درخواست پر پمز اسپتال میں ڈاکٹرز کے 8 رکنی بورڈ نے مقتول کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا اور نمونے ٹیسٹ کیلئے مختلف لیبارٹریز بھجوادیے گئے۔
پوسٹ مارٹم کے بعد ارشد شریف کی میت دوبارہ قائداعظم اسپتال منتقل کی گئی، جس کے بعد ارشد شریف کی میت کو اُن کے گھر جی الیون تھری میں پہنچایا گیا جہاں تابوت پر پھولوں کی پتیاں برسائی گئیں۔
پھولوں کی برسات میں ارشد شریف کا جسد خاکی فیصل مسجد اسلام آباد پہنچایا گیا، جہاں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی گئی، ارشد شریف کی تدفین ایچ الیون قبرستان میں ہوئی۔دوسری جانب وزارت داخلہ نے کینیا میں ارشد شریف کے قتل کیلئے کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ایف آئی اے کے ڈائریکٹر اطہر وحید اور آئی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل عمر شاہد پر مشتمل کمیٹی کینیا روانہ ہوگئی جہاں قتل کے شواہد حاصل کرنے اور ارشد شریف کے پاکستان سے دوبئی اور پھر کینیا جانے کی وجوہات اور محرکات کا کھوج لگائے گی۔