ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (PTA) نے غیر قانونی سم کی فروخت اور جعلی بائیومیٹرک طریقوں سے ہونے والی سم ایکٹیویشن کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے, ملک کے مختلف علاقوں میں کئی فرنچائزز پر چھاپے مارے گئے۔
پی ٹی اے کے مطابق لاہور زونل آفس نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کیں۔ یہ آپریشن شاہکوٹ (ننکانہ صاحب)، حویلی لکھا (اوکاڑا) اور یزمان (بہاولپور) میں کیے گئے۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ سیلز چینل کے ذریعے جعلی طریقوں سے سم ایکٹیویشن کی شکایات درج کرانے کے بعد یہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں مشکوک سمیں، بائیومیٹرک اسکینرز اور ایسا سامان برآمد کیا گیا جو بائیومیٹرک سسٹم کو بائی پاس کرنے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ برآمد سامان NCCIA نے تحویل میں لے لیا۔
شاہکوٹ اور حویلی لکھا میں فرنچائز کے کسٹمر سروس نمائندے کو گرفتار کیا گیا، یزمان میں فرنچائز مالک، سپروائزر سمیت تین افراد حراست میں لیے گئے، تمام کیسز میں ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات NCCIA نے شروع کر دی ہیں۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ یہ کریک ڈاؤن اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ کوئی بھی فرنچائز ملٹی فنگر بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم کی خلاف ورزی کر کے غیر قانونی طور پر سمیں جاری نہ کر سکے۔
اتھارٹی نے اعلان کیا کہ ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ صارفین کے ڈیٹا اور قومی سلامتی کو بہتر تحفظ مل سکے۔