(قیصر کھوکھر)میٹرو بس سروس کےملازمین کیلئے خوشخبری، ملازمین کو رکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بڑی رقم جاری کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق میٹروبس سروس کے ملازمین کی دعائیں رنگ لےآئی ہیں ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ نے لاہور میٹرو بس اتھارٹی کیلئے دو ارب روپے جاری کر دیئے ہیں ۔ یہ دو ارب روپے ملازمین کی تنخواہوں اور سبسڈی کی مد میں جاری کئے گئے ہیں۔مذکورہ گرانٹ ملنے سے میٹرو بس سروس کے ملازمین کی رُکی ہوئی تنخواہیں مل سکیں گی۔
کورونا کی وجہ سے بس سروس کچھ عرصہ معطل رہی جس کےباعث ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئی تھیں،تنخواہیں نہ ملنے سے ملازمین پریشان تھے۔
واضح رہے کہ میٹرو بس سروس 27 کلومیٹر طویل سڑک پر مشتمل ہے، جو گجومتہ سے شاہدرہ تک ہے۔ اس سے 27 کلومیٹر کا سفر ایک گھنٹے میں سمٹ آیا ہے، اس پر 27 بس اسٹیشن ہیں، یہ 115 بسوں کا ایک نظام ہے اور ہر بس میں 150 مسافروں کی گنجائش ہے۔