عابد چودھری: لاہور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اغوا کاروں کے چنگل سے ایک مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ واردات کے دوران چھینی گئی لاکھوں روپے نقد رقم اور موبائل فون بھی برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق مظفرگڑھ سے اغوا ہونے والے مغوی کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سبزازار پولیس نے اعوان ٹاؤن کے علاقے میں فوری ریڈ کیا۔ کارروائی کے دوران مغوی طٰحہ کو بحفاظت بازیاب کروا کر پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق اغوا کے مقدمے میں نامزد دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جن کی شناخت حفیف اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران اغوا کے وقت چھینی گئی رقم میں سے 36 لاکھ 34 ہزار روپے نقد اور موبائل فون برآمد کر لیے۔ بعد ازاں مغوی، گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ سامان کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سبزازار منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اغوا کا مقدمہ پہلے ہی تھانہ شہر سلطان، ضلع مظفرگڑھ میں درج تھا، جبکہ متعلقہ پولیس کو کارروائی سے فوری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے تھانہ شہر سلطان کی ٹیم لاہور روانہ کر دی گئی ہے۔