سٹی 42:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکی جانب سے فضائی سفر کی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پاکستان نے بین الاقوامی ہوائی سفر کو آہستہ آہستہ معمول پر لانے کا فیصلہ کر لیا، برطانیہ ، یورپ ، کینیڈا ، چین، ملائشیا سے 40فیصدپروازیں بڑھائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی سفر کو آہستہ آہستہ معمول پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ این سی او سی کیجانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق مختلف ممالک میں کورونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، لہذا پاکستان سے برطانیہ ، یورپ ، کینیڈا ، چین، ملائشیا سے 40فیصد پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سول ایوی ایشن نے بھی تمام ائیرلائنز کو آگاہ کردیاہے۔ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق پری بورڈنگ اور آمد کے وقت موجودہ ٹیسٹنگ پروٹوکول ایک جیسے ہی رہیں گے، کورونا کے منفی کیسز کیلئے گھر میں قرنطینہ کی ضرورت ختم کر دی گئی ہے، کورونا کے مثبت کیسز پر قرنطینہ کرنا ہوگا،وزارت خارجہ کو تمام پاکستانی ہائی کمیشن، سفارت خانوں کو آگاہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، نئی پالیسی کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا،وزارت خارجہ،وزارت داخلہ،سول ایوی ایشن،ایوی ایشن ڈویژن و دیگرکو مراسلہ بھیج دیا گیا۔