(حافظ شہباز علی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اٹھارہ کھلاڑیوں اور گیارہ ٹیم آفیشلز کے کرائے گئے دوبارہ کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو آگئے۔محمد حفیظ کا دوسرا ٹیسٹ منفی آگیا، روحیل نذیر کا بھی دوسرا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔پاکستان کا 20 رکنی اسکواڈ کل انگلینڈ روانہ ہو گا۔محمد موسیٰ اور روحیل نذیرکو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ پہلے دس میں سے چھ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ نیگٹیو آگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڑ کی جانب سے لی گئی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی دوسری کووویڈ ٹیسٹنگ کی رپورٹ سامنے آگئی، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے بتایا کہ دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ میں پہلے دس پوزیٹو کھلاڑیوں میں سے چھ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ نیگٹیو آگئے ہیں۔ محمد حسنین، شاداب خان ، فخر زمان، محمد رضوان ، محمد حفیظ اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ منفی آگئے جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں سے عمران بٹ کا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا۔
دوسری جانب محمد حفیظ کا دوسرا ٹیسٹ منفی آگیا، یاد رہے پی سی بی کی طرف سے کرایا گیا پہلا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جبکہ محمد حفیظ کا اپنے طور پر کرایا جانیوالا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔
قومی کرکٹرز کے دوسرے کورونا ٹیسٹ کےمطابق 18 کھلاڑیوں اور 11 ٹیم آفیشلز کے دوسرے ٹیسٹ منفی آگئے،روحیل نذیر کا دوسرا ٹیسٹ منفی آیا ہے جبکہ پاکستان کا 20 رکنی اسکواڈ کل انگلینڈ روانہ ہو گا،عابدعلی ، اسد شفیق ، اظہر علی ،بابر اعظم ،فہیم اشرف انگلینڈ جائیں گے،فواد عالم، افتخار احمد ، امام الحق ، خوشدل شاہ ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد ، شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعود، سہیل خان ، یاسر شاہ بھی انگلینڈ اڑان بھریں گے، علاوہ ازیں محمد موسی اور روحیل نذیرکو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
20 players to travel to England on Sunday. More details to follow shortly. pic.twitter.com/p9PPRWGd95
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) June 27, 2020
20کھلاڑی اور11رکنی اسپورٹ اسٹاف اتوار کو مانچسٹر روانہ ہوگا ، موسیٰ خان اور روحیل نذیراسکواڈ کے ہمراہ روانہ ہوں گے، ظفر گوہر سیریز کی تیاریوں کے دوران انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے، پہلے مرحلے میں جن 10 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے ،ری ٹیسٹنگ میں ان میں سے 6 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، تاہم پہلے مرحلے میں اسکواڈ میں شامل جن اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے انہیں انگلینڈ روانگی کے لیے 2 منفی ٹیسٹ دینے ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 20 کھلاڑیوں اور 11 رکنی اسپورٹ اسٹاف پر مشتمل قومی اسکواڈ اتوار کی صبح چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے مانچسٹرروانہ ہوگا۔ قومی اسکواڈ کواگست،ستمبر میں میزبان انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔ مانچسٹر پہنچنے کے بعد قومی اسکواڈ وورسٹرشائر روانہ ہوگاجہاں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ اس دوران قومی اسکواڈ 14 روز تک قرنطینہ میں گزاریں گے تاہم یہاں انہیں پریکٹس اور ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ اس کے بعد قومی ٹیم 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوجائے گی۔
خو ش آئند بات یہ ہے کہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں 18 کھلاڑیوں اور 11 رکنی اسپورٹ اسٹاف کے ٹیسٹ منفی آئے تھے اور اب ان سب کی جمعرات کوہونی والی ری ٹیسٹنگ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ دیگرتین ریزرو کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر روحیل نذیر اور فاسٹ باؤلر موسیٰ خان کے کے کوویڈ 19 ٹیسٹ بالترتیب جمعرات اور بدھ کو لیے گئے تھے جن کے نتائج منفی آئے ہیں۔لہٰذا ان دونوں کھلاڑیوں کو انگلینڈ روانہ ہونے والے پہلے گروپ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
انگلینڈ روانہ ہونے والا پاکستان کا پہلا گروپ ان کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف پر مشتمل ہے۔ اظہر علی (کپتان)، بابراعظم(نائب کپتان)، عابدعلی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شا ن مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر ظفر گوہر، جنہوں نے 2015 میں ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا، وہ انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ انہیں صرف پری میچ تیاریوں کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اسپورٹ اسٹاف میں منصور رانا (منیجر)، مصباح الحق (ہیڈکوچ)، یونس خان(بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد (اسپن باؤلنگ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہٰ بٹ(ٹیم اینالسٹ)، یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، لیفٹنٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری (سیکورٹی منیجر) اور رضاکیچلو(میڈیا اینڈ ڈیٹیجٹل کنٹینٹ منیجر)۔ کلف ڈیکن اور وقار یونس بالترتیب جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گےجبکہ شعیب ملک کی 24 جولائی کو روانگی متوقع ہے۔
اسپورٹس سائنسز کے ماہرین اور برطانوی حکومت کے قوانین کے مطابق پی سی بی کے ٹیسٹنگ کے عمل کے دوران اسکواڈ میں شامل جن اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے وہ اتوار کو سفر نہیں کرسکیں گے تاہم جونہی ان کے 2 منفی ٹیسٹ آئیں گے تو انہیں انگلینڈ بھیج دیا جائے گا۔ چار ریزرو کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ بدھ کو ہوئے تھے۔ ان میں سے عمران بٹ کا ٹیسٹ مثبت جبکہ بلال آصف، محمد نواز اور موسیٰ خان کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
پی سی بی کے ٹیسٹنگ پروگرام کے پہلے مرحلے میں مثبت آنے والے 10 کھلاڑی اور ایک ٹیم آفیشل کی ری ٹیسٹنگ کے دوران فخر زمان،محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان،شاداب خان اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔ اب انہیں ٹیسٹنگ کے تیسرے مرحلے سے گزرنا پڑے گاجوکہ آئندہ ہفتے کسی وقت ہوگی۔ دوسرا ٹیسٹ منفی آنے پر دونوں کھلاڑیوں کی انگلینڈ روانگی کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔ ری ٹیسٹ میں بھی جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔
حیدر علی، حارث رؤف ، کاشف بھٹی اور عمران خان ان 4 کھلاڑیوں کے علاوہ واحد ٹیم آفیشل مساجر ملنگ علی کا ٹیسٹ بھی ایک مرتبہ پھر مثبت آیاہے۔ پی سی بی میڈیکل پینل کی جانب سے ان چار کھلاڑیوں، مساجر ملنگ علی اور بیٹسمین عمران بٹ کو فوری طور پر سخت قرنطینہ میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ان کھلاڑیوں کےاب ٹیسٹ ان کی قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد لیے جائیں گے۔ 2 مرتبہ ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کی صورت میں انہیں انگلینڈ روانہ کیا جائے گا۔