علی ساہی:پنجاب حکومت نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے دباؤ کے سامنے داخلہ پالیسی میں اہم تبدیلی کر دی ہے، جس کا مقصد پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو مالی نقصان سے بچانا بتایا جا رہا ہے، نئی پالیسی کے تحت پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو مرکزی میرٹ میں خالی رہ جانے والی نشستوں پر خود داخلے کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے پانچ میرٹ لسٹیں جاری کرے گی۔ ان پانچوں میرٹ لسٹوں کے بعد اگر پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں نشستیں خالی رہ جاتی ہیں تو متعلقہ کالجز ان سیٹوں پر اپنی سطح پر داخلے کریں گے۔
پالیسی کے مطابق پرائیویٹ میڈیکل کالجز خالی نشستوں پر داخلہ کرنے کے بعد طلبہ کی مکمل فہرست یو ایچ ایس کو ارسال کریں گے، جبکہ یو ایچ ایس ان طلبہ کو باضابطہ طور پر رجسٹرڈ کرے گی۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ایک طرف پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو ریلیف ملے گا، تاہم دوسری جانب میرٹ اور شفافیت سے متعلق سوالات بھی جنم لے رہے ہیں۔ ناقدین کے مطابق حکومت کا یہ اقدام پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہے، جس سے مستقبل میں داخلہ نظام پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب حکام کا مؤقف ہے کہ پالیسی میں تبدیلی کا مقصد داخلہ عمل کو مکمل کرنا اور تعلیمی سال کے ضیاع سے بچنا ہے، جبکہ یو ایچ ایس کی جانب سے داخلوں کی رجسٹریشن کے ذریعے نگرانی کا عمل برقرار رکھا جائے گا۔