(ویب ڈیسک)قومی سلامتی کمیٹی نے ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی 26-2022 کی منظوری دے دی ۔ پالیسی کل وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی ۔ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستان کسی بھی داخلی اور خارجی خطرات سے نبرد آزما ہونے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی تیاری اور منظوری ایک تاریخی اقدام ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، مشیر قومی سلامتی اور سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی 26-2022 کی منظوری دے دی ہے ۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کا تحفظ شہریوں کے تحفظ سے منسلک ہے، پاکستان کسی بھی داخلی اور خارجی خطرات سے نبرد آزما ہونے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی تیاری اور منظوری ایک تاریخی اقدام ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی سلامتی ڈویژن اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، پالیسی پر موثر عملدرآمد کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی اپنائیں،وزیر اعظم نے مشیر قومی سلامتی کو پالیسی پر عملدرآمد کے لیے ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
قومی سلامتی مشیر کی اجلاس کو پالیسی کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی ، بتایا گیا کہ قومی سلامتی پالیسی ایک جامع قومی سیکورٹی فریم ورک کے تحت ملک کے کمزور طبقے کا تحفظ، سکیورٹی اور وقار یقینی بنائے گی، شہریوں کے تحفظ کی خاطر پالیسی کا محور معاشی سیکورٹی ہوگا۔ معاشی تحفظ ہی شہریوں کے تحفظ کا ضامن بنے گا۔
پالیسی سازی کے دوران تمام وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں، ماہرین اور پرائیویٹ سیکٹر سے تفصیلی مشاورت کی گئی، پالیسی پر عملدارمد یقینی بنانے کے لیے فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی سے منظوری کے بعد پالیسی وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔