(جنید ریاض ): لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کیلئے اچھی خبر، محکمہ فنانس نے نان سیلری بجٹ کی مد میں پنجاب کے سکولوں کو ساڑھے 3 ارب کے فنڈز جاری کر دیئے۔ فنڈز سکولوں کے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ فنانس نے سکولوں کے لیے نان سیلری بجٹ جاری کر دیا۔ سکولوں کو نان سیلری بجٹ کی مد میں سال کی دوسری قسط جاری کی جا رہی ہے۔ 36 اضلاع کو ساڑھے 3 ارب کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ ڈسٹرکٹ لاہور کے لیے بھی 16 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی ہے۔اٹک کیلئے 7 کروڑ 25 لاکھ روپے ، بہاولنگر کیلئے 12 کروڑ 3 لاکھ روپے، بہاولپور کیلئے 9 کروڑ 23 لاکھ روپے، بھکر کیلئے 7 کروڑ 31 لاکھ روپے ، چکوال کیلئے 5 کروڑ 83 لاکھ روپے، چنیوٹ کیلئے 5 کروڑ 18 لاکھ روپے، ڈی جی خان کیلئے 10 کروڑ 41 لاکھ روپے، فیصل آباد کے لیے 24 کروڑ 31 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
اسی طرح گجرانوالہ کیلئے 12 کروڑ40 لاکھ روپے ، گجرات کیلئے 9 کروڑ 80 لاکھ روپے ، حافظہ آباد کیلئے 4 کروڑ 56 لاکھ روپے ، جھنگ کیلئے 10کروڑ 38 لاکھ روپے ، جہلم کیلئے 4 کروڑ 87 لاکھ روپے، قصور کیلئے 11 کروڑ 84 لاکھ روپے ، خانیوال کیلئے 12 کروڑ 31 لاکھ روپے ، خوشاب کیلئے 5 کروڑ 25 لاکھ روپے، لیہ کیکئے 8 کروڑ 57 لاکھ روپے اور لودھرا ں کیلئے 5 کروڑ روپے کی کثیر رقم جاری کی گئی ۔