خان شہزاد: شہر لاہور میں زندہ برائلر اور برائلر گوشت کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ،سرکاری نرخ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا۔ شہریوں کو 650 روپے فی کلو یا اس سے زائد قیمت میں گوشت خریدنے پر مجبور کر دیا گیا ہے جبکہ سرکاری نرخ 595 روپے فی کلو مقرر ہے۔
ذرائع کے مطابق زندہ برائلر کا فارم ریٹ 383 روپے مقرر ہے، مگر 420 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ہول سیل ریٹ 397 اور پرچون ریٹ 411 روپے فی کلو ہیں، لیکن ان نرخوں پر کہیں بھی برائلر دستیاب نہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ممکن نہیں ہو سکا۔ مارکیٹ میں نہ چھاپے پڑ رہے ہیں، نہ کوئی چیک اینڈ بیلنس کا نظام فعال نظر آ رہا ہے۔
صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور گوشت کی قیمتوں کو عوام کی پہنچ میں رکھا جائے تاکہ متوسط طبقہ مزید پریشانی کا شکار نہ ہو۔