ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور فیڈرل کونسل کے رکن الطاف احمد قریشی انتقال کر گئے۔ پارٹی حلقوں اور سیاسی رہنماؤں میں ان کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کےمطابق الطاف احمد قریشی کی نمازِ جنازہ آج بعد از نمازِ عصر جوہر ٹاؤن لاہور کی جامع مسجد ربیع القرآن میں ادا کی جائے گی، جس میں پارٹی رہنما، کارکنان، عزیز و اقارب اور معززین علاقہ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس افسوسناک موقع پر مرحوم کے خاندان سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی وسطی پنجاب قیادت کی جانب سے الطاف قریشی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ الطاف احمد قریشی پارٹی کے مخلص، باوفا اور دیرینہ ساتھی تھے جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ غم کی گھڑی پورے پیپلز پارٹی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، اور ہم مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔