ویب ڈیسک :پاکستان نے چین کومزید 10 ارب یوان کی درخواست کردی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے 30 ارب یوان کی سویپ لائن بڑھا کر 40 ارب کرنے کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ چین کی ڈومیسٹک بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے پر بھی پیشرفت ہوئی ہے، امید ہے پاکستان رواں سال کے آخر تک پانڈا بانڈز جاری کردے گا۔
واشنگٹن میں غیر ملکی خبر ایجنسی کوانٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےکہا کہ پانڈا بانڈز کے اجرا بارے اے آئی آئی بی اور اے ڈی بی صدور کے ساتھ بات چیت مثبت رہی، پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کلائمیٹ فائنانسنگ کے تحت نیا پروگرام شروع کیا ہے، امید ہے آئی ایم ایف بورڈ مئی کے شروع میں 1 اعشاریہ 3 ارب ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے گا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ امید ہے 7 ارب ڈالر پروگرام کے پہلے جائزے پر بھی دستخط ہوں گے، پہلے جائزے کی منظوری کی صورت میں پاکستان کو 1 ارب ڈالر ملیں گے،قرض پروگرام نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، معاشی ترقی جاری مالی سال میں تقریباً 3 فیصد ہوگی جبکہ آئندہ مالی سال 4 سے 5 اور اس کے بعد 6 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔