سٹی 42 : وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے دو روزہ دورہ ایران کیلئے تہران پہنچ گئے.
مہرآباد ائیر پورٹ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو اور اعلی سفارتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا. ہوائی اڈے پر وزیرِ اعظم کو ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی.
سعدآباد محل آمد پر وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہوئی ۔ اس موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کااستقبال کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کو سعد آباد محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر, نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی, وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڈ اور معاون خصوصی وزیر اعظم سید طارق فاطمی دورہءِ ایران میں وزیرِ اعظم کے ساتھ وفد میں شامل ہیں.
وزیرِ اعظم اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ اور پاکستان پر بھارت کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ جنگ میں پاکستان کی حمایت و جنوبی ایشیاء میں امن کی کوششوں کیلئے وزیرِ اعظم ایرانی صدر و عوام کا شکریہ ادا کریں گے.
وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کریں گے جہاں دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر گفتگو ہوگی.
وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے.