ویب ڈیسک: بھارتی فلمساز راج کمار ہیرانی نے بلاک بسٹر فلم’’ منا بھائی 3 ‘‘بنانے کی تصدیق کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راج کمار ہیرانی نے تصدیق کی ہے کہ ایک نئی فلم ’’منا بھائی ‘‘تیار کی جا رہی ہے جس میں سنجے دت اور ارشد وارثی کی مقبول جوڑی کو واپس لایا جا رہا ہے۔
راج کمار ہیرانی نے اپنی آنے والی او ٹی ٹی سیریز پریتم پیڈور کی پروموشن کے دوران بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ٹیم فرنچائز کی تیسری قسط کے لیے اسکرپٹ پر کام کر رہی ہے۔
برسوں پہلے فلم’’منا بھائی چلے امریکا‘‘ کا ٹیزر جاری ہونے کے باوجود فلم نہ بننے سے متعلق سوال پر فلمساز راج کمار ہیرانی نے بتایا تھاکہ فلم کا ٹریلر بہت پہلے بنایا گیا تھا، ہم اس وقت اسکرپٹ لکھ رہے تھے، ہم نے ٹریلر میں یہ دکھایا کہ منا اور سرکٹ امریکا جا رہے ہیں، تو وہ وہاں کیا کرتے؟ ظاہر ہے، وہ انگریزی سیکھتے، ہم نے اسی خیال پر مبنی کچھ مواد تیار کیا تھا، لیکن ہم وہ اسکرپٹ کبھی مکمل نہ کر سکے۔