سٹی 42 : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ یومِ عاشور ہمیں حق، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے یومِ عاشور کے مرکزی جلوس کے مقام کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے یومِ عاشور پر صوبے بھر میں بہترین سیکیورٹی و انتظامی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور میں زائرین سے ملاقات ہوئی، پولیس، ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو زائرین کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ یومِ عاشور ہمیں حق، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، ظلم کرنے والوں کا انجام ہمیشہ ذلت ہوتا ہے، حق اور سچ پر قائم رہنے والوں کو تاریخ ہمیشہ عزت سے یاد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسنؓ اور حضرت امام حسینؓ نے حق کی خاطر عظیم قربانیاں دیں، ان کی سیرت پوری امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے، حق کی راہ پر ثابت قدم رہنے والوں کی ہی ہمیشہ کامیابی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوبے بھر کی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے بہترین انتظامات پر خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ دعا ہے کہ یومِ عاشور کے تمام اجتماعات اور جلوس پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوں۔