ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق نگران وزیرِاعظم انتقال کر گئے

Mir Hazar Khan Khoso passed away
کیپشن: Mir Hazar Khan Khoso passed away
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق نگران وزیرِاعظم میر ہزار خان کھوسو طویل علالت کے بعد 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، مرحوم کی تدفین آج ان کے آبائی گاؤں میں کی جائے گی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق میر ہزار خان کھوسو گزشتہ 1 ماہ سے شدید علیل تھے اور کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے، جمعے کے روز انہیں دل کا دورا پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی میت کوئٹہ سےآج کوئٹہ ان کے آ بائی گاؤں لائی جائے گی، جہاں انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ میر ہزار خان کھوسو 30 ستمبر 1929 کو بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے ایک گاؤں گوٹھ اعظم خان میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے قانون کی تعلیم کراچی یونیورسٹی سے حاصل کی اور کوئٹہ سے بطور وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کیا،  میر ہزار خان کھوسو  25 مارچ 2013 سے پانچ جون 2013 کے دوران ملک کے نگران وزیراعظم رہے،میر ہزارخان کھوسو چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، گورنر بلوچستان اور صوبائی چیئرمین زکوٰۃ کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔

نگراں وزیر اعظم کا فیصلہ قائد حزب اقتداراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے باہمی صلاح و مشورے سے کرنا ہوتا ہے, لیکن اپنی پانچ سالہ  مدت پوری کرنے کے بعد 2013 میں اس وقت کے پیپلز پارٹی کے  وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور چوہدری نثارعلی خان کوئی فیصلہ نہ کر سکے۔ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس گیا لیکن نشستند، گفتند ،برخاستند کے علاوہ کوئی ٹھوس قدم نہ اٹھایا جا سکا تو معاملہ بالاخر الیکشن کمیشن کے پاس ریفر کرنا پڑا جہاں جسٹس ریٹائر فخر الدین جی ابراہیم چیف الیکشن کمشنر تھے۔

آئین کے تحت الیکشن کمیشن نے دو دن میں یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے مگر الیکشن  کمیشن نے اگلے ہی دن اپنے ساتھی جج میر ہزار خان کھوسو نگران وزیراعظم  منتخب کرلیا ۔ الیکشن کمیشن کے پانچ ارکان میں سے چار نے ان کے حق میں فیصلہ دیا جب کہ پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن جسٹس ریاض کیانی نے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کے حق میں ووٹ دیا.مسلم لیگ (ن) نے بھی میر ہزار خان کھوسو کی نامزدگی پر اعتراض نہیں کیا اور کھلے دل سے قبول کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار نے سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ 

عثمان بزدار نے میر ہزار خان کھوسو مرحوم کی ملک کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر ہزار خان کھوسو کے انتقال سے پاکستان ایک محب وطن شخصیت سے محروم ہو گیا، اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Sughra Afzal

Content Writer