ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈنکی روٹ ۔۔۔نئی ویب سیریز ’’اب ہوگا حساب‘‘ ریلیز

 ڈنکی روٹ ۔۔۔نئی ویب سیریز ’’اب ہوگا حساب‘‘ ریلیز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : امیزون ایم ایکس پلیئر  پر   پنجاب کے پس منظر میں تخلیق کی گئی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نئی ویب سیریز ’’ اب ہوگا حساب‘‘ ریلیز کر دی گئی ہے ، اس کہانی میں غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک، دھوکہ باز ایجنٹوں اور انسانی اسمگلنگ کے تلخ حقائق پیش کئے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق 20 ایپی سوڈ ویب سیریز ’’ اب ہوگا حساب‘‘ کو  امیزون ایم ایکس پلیئر پر ریلیز کیا گیا ہے،،پنجاب میں بیرونِ ملک، خصوصاً کینیڈا جا کر مستقل سکونت اختیارکرنے کاخواب کئی برسوں سے بے شمار کہانیوں اور فلموں کا موضوع بنتا رہاہے۔ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے والی نئی ویب سیریزاب ہوگا حساب‘بھی اسی معروف مگر نہایت اہم مسئلے کو مرکزِ نگاہ بناتی ہے۔ یہ سیریز غیر قانونی امیگریشن کے نیٹ ورک، دھوکہ باز ایجنٹوں اور انسانی اسمگلنگ کے ان تلخ حقائق کو بے نقاب کرتی ہے، جو نوجوانوں کے روشن مستقبل کے خوابوں کو اپنا کاروبار بنا لیتے ہیں۔’’ اب ہوگا حساب‘ میں شہیر شیخ، سنجے کپور، مونی رائے، اویناش مشرا، نمرت اہلووالیا، ہرمن سنگھا، آشیما وردان، انکت گلاٹی اہم  کردار ادا کر رہے ہیں، اس سیریز کو دیوانشو ملہوترا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

اس سیریز کی کہانی2بھائیوں بابی (شہیر شیخ) اور بنٹی منوچا (اویناش مشرا) کے گرد گھومتی ہے۔ بابی غیر قانونی ’ڈنکی روٹ‘کے ذریعے کینیڈا میں داخل ہونے کی کوشش کرتا ہے، لیکن گرفتار ہو کر واپس بھارت بھیج دیا جاتا ہے۔ وطن واپسی کے بعد وہ عزم کرتا ہے کہ اپنے چھوٹے بھائی کو قانونی طریقے سے بیرونِ ملک بھیجے گا۔ تاہم حالات اس وقت ڈرامائی رخ اختیار کرتے ہیں جب بنٹی پراسرار طور پر لاپتا ہو جاتا ہے۔ اپنے بھائی کی تلاش میں نکلا بابی جلد ہی ایک ایسے منظم انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک تک پہنچ جاتا ہے، جو کینیڈا امیگریشن کنسلٹنسی کے پردے میں سرگرم ہے۔ سیریز کی ابتدا خاصے دلچسپ انداز میں ہوتی ہے، لیکن جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، ویسے ویسے اس میں غیر ضروری پیچیدگیاں بڑھنے لگتی ہیں۔ سنجے کپور اور مونی رائے کے کرداروں کے مقاصد اورباہمی تعلقات کو پوری وضاحت کے ساتھ پیش نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ بطور ولن مطلوبہ اثر پیدا نہیں کر پاتے۔اصل کمزوری اس کے اسکرین پلے میں ہے۔ اگرچہ ہر قسط تقریباً آدھے گھنٹے کی ہے، لیکن اس کے باوجود کہانی غیر ضروری طور پر طویل محسوس ہوتی ہے۔ مرکزی معمہ آہستہ آہستہ کھلنے کے بجائے متعدد ذیلی کہانیوں میں الجھ جاتا ہے، جو اکثر اصل پلاٹ سے توجہ ہٹا دیتی ہیں۔ ابتدا میں یہ ذیلی پلاٹس دلچسپی پیدا کرتے ہیں، مگر اختتام تک پہنچتے پہنچتے کہانی کو مزید الجھا دیتے ہیں۔

ویب سیریز’ اب ہوگا حساب‘ اس اعتبار سے قابلِ تعریف ہے کہ اس نے پنجاب کے ایک نہایت حساس اور موجودہ دور کے اہم مسئلے کو موضوع بنایااور غیر قانونی امیگریشن کے بھیانک نتائج کو سامنے لانے کی کوشش کی۔ تاہم ضرورت سے زیادہ پیچیدہ کہانی، کرداروں کے الجھے ہوئے تعلقات اور کئی نامکمل ذیلی پلاٹس اسے اپنی مکمل صلاحیت تک پہنچنے سے روک دیتے ہیں۔