طلحہ اشرف:شہر بھر میں دودھ اور دہی کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے لگی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو بنیادی غذائی اشیاء مہنگے داموں خریدنا پڑ رہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق دودھ کا سرکاری ریٹ 170 روپے فی لیٹر مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں دودھ 240 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح دہی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور دہی 250 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دودھ فروش سرکاری نرخ نامے کو نظر انداز کر رہے ہیں، جبکہ بڑھتی مہنگائی نے پہلے ہی گھریلو بجٹ کو متاثر کر رکھا ہے۔ مہنگے داموں دودھ اور دہی کی خریداری عوام کے لیے ایک اضافی بوجھ بن گئی ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔