سپریم کورٹ؛ پی ٹی آئی رہنما عارف عباسی کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل خارج

سپریم کورٹ؛ پی ٹی آئی رہنما عارف عباسی کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل خارج
کیپشن: Supreme Court of Pakistan, file photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما عارف عباسی کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کردی گئی۔

سپریم کورٹ میں کاغذات مسترد کرنے کے خلاف پی ٹی آئی رہنما عارف عباسی کی اپیل پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواستگزار کے وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے۔ 

درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت عظمیٰ نے کہا کہ درخواست گزار پر 2 فوجداری مقدمات ہیں اور انہوں نے کسی عدالت سے رجوع نہیں کیا، درخواست گزار نے کاغذات نامزدگی میں بھی دونوں مقدمات کا ذکر نہیں کیا، ریٹرننگ افسر نے بیٹے کی لندن میں موجود جائیدادوں کا پوچھا تو جواب نہیں دیا۔

وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کیخلاف وارث خان تھانے میں 2 ایف آئی آرز درج تھیں، جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریمارکس دیئے کہ دستاویزات تو پڑھ کر آئیں، کیس چلانا ہے تو حقائق بتائیں جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ ایک شخص پر 2 مقدمات ہیں وہ پورے شہر میں گھوم رہا ہے، ضمانت کیلئے ٹرائل کورٹ جانے میں آپ کو کیا مسئلہ تھا؟۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے کہا گیا کہ کل ہمارے پاس ایک کیس تھا انہوں نے ضمانت لے لی تھی، آپ درخواست دیتے ہیں ہم فوری مقرر کرتے ہیں مگر تیاری تو کرکے آئیں، آپ نے کاغذات نامزدگی میں فوجداری مقدمات کا تذکرہ ہی نہیں کیا۔ جواب میں وکیل نے بتایا کہ میں نے اپنے بیان حلفی میں دونوں مقدمات کا بتا دیا تھا۔ آخر میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ سچ بولنے کیلئے تیار نہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔

تمام دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے عارف عباسی کیخلاف الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کی اپیل خارج کردی۔

واضح رہے کہ عارف عباسی نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 19 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔