راؤ دلشاد: وزیراعلیٰ مریم نواز نے آج پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کا افتتاح کردیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ای ٹیکسی سکیم خواتین کے روزگار کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی، پنجاب میں خواتین کو کسی سے بھی خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔
پہلے مرحلے میں اس سکیم کے تحت 1100 ای وہیکلز فراہم کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق خواتین کے لیے 30 فیصد کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے جبکہ خواتین ڈرائیور والی گاڑیوں کا رنگ الگ رکھا جائے گا تاکہ آسانی سے شناخت کی جا سکے۔
سکیم کے تحت مرد ڈرائیوروں کے لیے 50 فیصد ادائیگی حکومت کرے گی، جبکہ خواتین ڈرائیوروں کے لیے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت پنجاب کی طرف سے ادا کی جائے گی۔
اس کے علاوہ گاڑیوں کی رجسٹریشن، فٹنس ٹیسٹ اور ٹوکن ٹیکس فیس بھی حکومت کی جانب سے ادا کی جائے گی۔ واجبات کی ادائیگی پانچ سالہ آسان اقساط میں کی جائے گی تاکہ ڈرائیورز پر مالی دباؤ نہ پڑے۔
تمام ای ٹیکسی گاڑیاں ان ڈرائیو اور یاننگو پلیٹ فارمز کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گی، جبکہ پبلک مقامات پر گاڑیوں کے چارجنگ کے لیے فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے جائیں گے۔
سکیم میں ڈیجیٹل پیمنٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ شہری آسانی سے ادائیگی کر سکیں۔
اس منصوبے کا مقصد شہریوں کے لیے جدید، ماحول دوست اور محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنا اور خواتین ڈرائیورز کو روزگار کے مواقع دینا ہے۔