(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، وزارت داخلہ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور ان کے اہل خانہ کی اسلام کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور منایا جاتا ہے جس میں اہل بیت کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جاتا ہے، یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں جلوس برآمد اور مجالس عزا برپا کی جاتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ہر سال یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے، اس بار بھی وفاقی حکومت نے یوم عاشور کی مناسبت سے 2 روز کی تعطیل کا اعلان کردیا، وزارت داخلہ نے ملک بھر میں ہفتہ 29 اگست اور اتوار 30 اگست کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، ملک بھر کے سرکاری دفاتر اور بینک بند رہیں گے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کی ازسرنوتشکیل اور بااختیار بنانے کا فیصلہ کرلیا،موجودہ چیئرمین اور ارکان کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق رویت ہلال سے متعلق نئی قانون سازی وزارت مذہبی امور نے مکمل کر لی ہے، حکومتی کمیٹی سے ہٹ کر رویت ہلال کے اعلان پر سخت سزائیں تجویز کی گئی ہے، ازخود اعلان پر 5 سال تک قید اور 50 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک جرمانہ تجویز دی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ قانونی مسودہ تیار کرکے وزارت قانون کو بھجوادیا ہے، قانونی مسودہ کمیٹی دیکھ رہی ہے۔