ویب ڈیسک: اسلام آباد میں شہری سہولتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس بنا دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو طویل کاغذی کارروائی اور وقت کے ضیاع سے نجات دلانا ہے۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے پیپر لیس لائسنسنگ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد آئی جی نے مختلف کاؤنٹرز کا دورہ کیا اور نئے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور ان کے قیمتی وقت کی بچت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ پہلے شہریوں کو میڈیکل فارم، تصاویر اور مختلف دستاویزات ساتھ لانا پڑتی تھیں، تاہم اب یہ تمام مراحل ختم کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اب میڈیکل اسسمنٹ سے لے کر لائسنس کے اجرا تک تمام عمل مکمل طور پر پیپر لیس ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اور ان کی ٹیم نے مختصر وقت میں یہ منصوبہ مکمل کیا جو قابلِ تحسین ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے یہ بھی اعلان کیا کہ لائسنسنگ فیس کے نظام کو بھی جلد مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ اب شہری صرف شناختی کارڈ کے ساتھ آ کر لائسنس حاصل کر سکیں گے۔