سینکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہے، بلاول بھٹو

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عثمان خان: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ 

 تفصیلات کے  مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی فلسطین کے سفارت خانے آمد، بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین کے سفارت کار احمد جواد امین ربیعی سے ملاقات کی، غزہ کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا، بلاول بھٹو نے اہلیان فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی کیا، بلاول بھٹو زرداری کو فلسطینی سفارت کار نے فلسطینی مزاحمت کا علامتی رومال پہنایا، چیئرمین پی پی نے فلسطینی سفارت خانے کی گیسٹ بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس کٹھن وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت نے فلسطینی قیادت کے ساتھ مل کر پوری دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا، یاسر عرفات نے فلسطین کیلئے جدوجہد کرنے والے ذوالفقار علی بھٹو کو گڑھی خدا بخش پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

 بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہے، اسرائیل نے ہسپتال پر بمباری کرکے ثابت کردیا کہ اس کا وجود دنیا کیلئے ایک سکیورٹی رسک ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

   بلاول بھٹو کے ہمراہ سینیٹر شیری رحمان اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔