محسن نقوی نے سرکاری سطح پر پاکستان کے پہلے بڑے بائیوگیس پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

دُرِ نایاب: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرکاری سطح پر پاکستان کے پہلے بڑے بائیوگیس پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے گجرکالونی رکھ چند رائے لاہو رمیں 6ہزار کیوبک میٹر کے بائیو گیس پلانٹ کے تعمیراتی کامو ں کاآغاز کیا۔ محسن نقوی نے پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور بائیوگیس پلانٹ کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ 
 محسن نقوی نے کہا کہ بائیوگیس پلانٹ پر 35کروڑ روپے لاگت آئے گی،سالانہ 8کروڑ روپے ریونیوحاصل ہوگا، منصوبہ چندسال میں اپنی لاگت پوری کر لے گا۔ بائیو گیس پلانٹ سے حاصل ہونے والی آمدن اسی علاقے کی تعمیر و ترقی پر صرف کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ساتھ گجر پورہ میں ایک اور بائیو گیس پلانٹ لگانے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلی محسن نقوی کو پراجیکٹ کے بارے میں سیکرٹری توانائی نے بریفنگ دی۔ 
 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بائیو گیس پلانٹ کا سنگ بنیادرکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رکھ چند رائے میں سرکاری سطح پر پاکستان کا پہلا بائیوگیس پلانٹ لگایاجارہا ہے،گجرکالونی میں 24ہزار جانور موجود ہیں جن کے گوبر سے گیس اورقدرتی کھادتیارہو گی۔ بائیو گیس پلانٹ سے علاقے کی گندگی ختم ہوگی او رماحول صاف ہوگا۔ 
گجرپورہ میں بائیوگیس پلانٹ کے لئے انرجی ڈیپارٹمنٹ کو پی سی ون بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ بائیو گیس پلانٹ پراجیکٹ کو مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن 31اپریل ہے، لیکن ہم اس سے پہلے پراجیکٹ مکمل کر لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بائیو گیس پلانٹ سے لاہور میں آلودگی کم ہوگی،سموگ ضرور ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ گزشتہ سال سے صورتحال بہتر ہے۔ گزشتہ برس ایئر کوالٹی انڈیکس 400 سے اوپر تھا، رواں برس لاہور کا انڈیکس بہتر ہے۔ ضلعی انتظامیہ، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ ادارے سب ملکر سموگ کے تدارک کے لئے کام کررہے ہیں۔ روزانہ سڑکوں پر گرد کو بٹھانے کے لئے پانی کا سپرے کیا جا رہا ہے۔ اگر ایئر کوالٹی انڈیکس حد سے بڑھے گا تو پھر ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں فیصلے کیے جائیں گے۔ بائیو گیس پلانٹ سے علاقے کی آبادی مستفید ہوگی۔  بائیو گیس پلانٹ سے روزانہ 1600کلو گرام فیول گریڈ گیس پیدا ہوگی اور روزانہ 16 ٹن کھادتیارہو گی۔ محکمہ اینٹی کرپشن کو اصلاحات کے ذریعے بہتر اور پہلے سے مضبوط کررہے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 100ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے او رسڑکوں کی تعمیر ومرمت بھی ہورہی ہے، زیادہ تر ہسپتالوں اور سڑکوں کی اپ گریڈیشن 31جنوری تک مکمل ہو جائے گی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مجھ سمیت پوری ٹیم کی نیت صاف ہے،انشاء اللہ عزت کے ساتھ گھر جائیں گے۔ 
محسن نقوی نے مزید کہا کہ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔ یکم نومبر سے غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیاجائے گا۔ غیر ملکی خود چلے جائیں تو اچھا ہے ورنہ ان کو باعزت طریقے سے ان کے ملک بھجوائیں گے۔حوالات اور جیلو ں میں قیدیوں کی نصف تعداد منشیات فروشی کی وجہ سے زیر حراست ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی بہت بڑا ایشو ہے، انسداد منشیات کے لئے سرگرم ہیں۔ 6ہزار موٹر سائیکل اور 400کے قریب گاڑیاں ون وے کی خلاف ورزی پر بند کی گئیں۔ون وے کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر،منصور قادر، ابراہیم حسن مراد،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری صنعت، سی سی پی او،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈاو رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔