ویب ڈیسک :پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن کا کوئی بائیکاٹ نہیں کیا تھا، پی ٹی آئی نے عمران خان کے نام پر ووٹ مانگا جو نہیں ملا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں گالم گلوچ کی سیاست نہیں ہوئی، لوگوں نے پی ٹی آئی کوچٹاجواب دیا ہے، رونے والوں کے مقدر میں پہلے بھی رونا لکھا تھا آج بھی رونا لکھا ہے اور لوگوں نے مریم نوازکی خدمت کو ووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پنجاب کے لوگوں نے صاف ستھرا پنجاب، فری ادویات اور اپنا گھر اپنی چھت جیسے منصوبوں کو ووٹ دیا ہے،کے پی کے میں بھی لوگوں نے ووٹ کی طاقت سے نفرت کو دفن کر دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن کا کوئی بائیکاٹ نہیں کیا تھا، پی ٹی آئی نے عمران خان کے نام پر ووٹ مانگا جو نہیں ملا، ہری پور الیکشن میں وزیراعلیٰ کے پی کی دھمکیوں کے باوجود لوگوں نے ن لیگ کو ووٹ دیا، وزیراعلیٰ پنجاب کسی ضمنی انتخاب والے حلقے میں نہیں گئیں جو کام مریم نواز نے ڈیڑھ سال میں کردیے وہ لوگ سترہ سال میں نہیں کرسکے۔
انہوں نے مزید کہاکہ لاہور میں ان کو الیکشن ہارنے کے بعد یاد آیا کہ کمپین نہیں کرنے دی، تمام صوبوں میں تعلیم، صحت،ایگریکلچر کے حوالے سے موازنہ ہونا چاہیے۔