ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

"اپنا کھیت، اپنا روزگار" سکیم ، حکومت ایک ہزار روپے سالانہ کرائے پر زرعی زمین دے گی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے:پنجاب حکومت نے کسانوں کے لیے اپنی زرعی زمین حاصل کرنے اور کاشتکاری کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے نئی سکیم "اپنا کھیت، اپنا روزگار" کا اعلان کیا ہے،پانچ ایکڑ تک زرعی زمین ایک ہزار روپے سالانہ کرائے پر 10 سالہ لیز پر دی جائے گی۔

بورڈ آف ریونیو نے اس مقصد کے لیے زرعی اراضی کی الاٹمنٹ کے لیے قواعد و ضوابط فائنل کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق زمین صرف کاشتکاری کے لیے مختص ہوگی؛ رہائشی یا کمرشل استعمال کی سختی سے پابندی ہوگی۔الاٹی کو خود زمین پر کاشتکاری کرنا ہوگی اور اسے ملکیتی حقوق حاصل نہیں ہوں گے۔چھ ماہ تک کرایہ ادا نہ کرنے کی صورت میں لیز منسوخ کر دی جائے گی۔درخواستیں آن لائن پورٹل اور متعلقہ دفاتر کے ذریعے وصول کی جائیں گی، اور الاٹمنٹ کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کے ذریعے کی جائے گی۔کامیاب درخواست گزاروں کو ترقیاتی گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
ایک خاندان سے صرف ایک فرد اہل قرار دیا جائے گا۔سرکاری ملازمین اور پہلے سے مستفید افراد سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔

لیز کی مدت ختم ہونے پر زمین حکومت کو واپس کرنی ہوگی، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں بغیر معاوضہ زمین واپس لینے کا اختیار حکومت کے پاس ہوگا۔

پنجاب حکومت کا مقصد اس سکیم کے ذریعے چھوٹے کسانوں کو زرعی زمین فراہم کرنا اور انہیں خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ جدید کاشتکاری کے فروغ کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔