ویب ڈیسک:محرم الحرام کے دوران شہریوں کی سفری سہولت برقرار رکھنے کیلئے 9 اور 10 محرم کو اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس معمول کے مطابق چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ دیگر ماس ٹرانزٹ بس سروسز عارضی طور پر بند رہیں گی۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق محرم کے ایام میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹس اور اوقاتِ کار میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی اور شہری معمول کے مطابق اس سروس سے استفادہ کر سکیں گے۔
دوسری جانب سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے باعث میٹرو بس، الیکٹرک بس اور سپیڈو بس سروسز کو دو روز کیلئے معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور ملتان میں 9 اور 10 محرم کو میٹرو، الیکٹرک اور سپیڈو بس سروسز دستیاب نہیں ہوں گی۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اورنج لائن ٹرین سروس حسبِ معمول جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو متبادل سفری سہولت میسر رہے۔