ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہرِ قائد میں مسلسل زلزلوں کی وجوہات، زلزلہ پیما مرکز نے تفصیلات جاری کر دیں

شہرِ قائد میں مسلسل زلزلوں کی وجوہات، زلزلہ پیما مرکز نے تفصیلات جاری کر دیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : کراچی میں مسلسل زلزلوں کی وجوہات کے حوالے سے زلزلہ پیما مرکز نے تفصیلات جاری کر دیں۔ 

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق یکم جون 2025 سے اب تک کراچی میں 57 کم شدت کے زلزلے ریکارڈ کیے گئے، زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 1.5 سے 3.8 رہی۔ 

وجوہات

زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ یہ زلزلے لینڈھی فالٹ لائن میں سرگرمی کی وجہ سے رونما ہوئے، یہ علاقے کے فالٹ سسٹم میں موجود قدرتی ٹیکٹونک دباؤ کے اخراج کا نتیجہ ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ زلزلے معمولی نوعیت کے ہیں، فعال زلزلہ زدہ علاقوں میں یہ عام ہوتے ہیں۔

 زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اکثر زلزلے سطح سے کم گہرائی تقریباً 70 کلومیٹر پر رونما ہوئے، جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں یہ ہلکے محسوس کیے گئے، یہ زلزلے قدرتی ارضیاتی سرگرمی کے باعث رونما ہو رہے ہیں۔ کراچی برصغیر اور یوریشین پلیٹوں کے ملاپ پر واقع ہے، چھوٹے پیمانے پر تناؤ جمع ہونے سے کبھی کبھار اس نوعیت کے زلزلے آسکتے ہیں۔ یہ زلزلے فعال فالٹ زونز میں معمول کا مظہر ہیں، یہ کسی بڑے زلزلے کی پیش گوئی نہیں کرتے۔ مقامی حالات، نرم زمین، زمین کی بھرائی اور زیر زمین پانی کے بے ضابطہ اخراج سے بھی زلزلوں کی شدت سطح پر مختلف محسوس ہو سکتی ہے۔ 

 موجودہ اعداد و شمار اور مشاہدات کے مطابق کسی بڑے زلزلے کا فوری خطرہ نہیں۔ زلزلے کے فعال علاقوں میں کبھی کبھار ہلکے جھٹکے آتے رہتے ہیں، پی ایم ڈی کی ٹیم مسلسل زلزلوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کر رہی ہے، تاکہ کسی غیرمعمولی سرگرمی کا بروقت پتہ لگایا جا سکے۔ 

عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں، یہ جھٹکے غیرمعمولی نہیں ہیں اور خوف کا باعث نہیں ہونا چاہیے، غیرمصدقہ زلزلوں کی پیش گوئیوں پر دھیان نہ دیں،  خاص طور پر غیر سائنسی ذرائع سے موصول ہونے والے دعووں پر دھیان نہ دیں۔