سٹی42: لاہور کے علاقے باغبانپورہ کی انگوری اسکیم میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک کمسن بچی بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے کے باعث زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ 23 جولائی کو اس وقت پیش آیا جب بارش کے دوران بچی رامین اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ پانی بھرے گلی سے گزر رہی تھی۔ گٹر سے بچنے کی کوشش میں رامین نے سڑک کنارے لگے بجلی کے کھمبے کو ہاتھ لگایا، جس سے اُسے زور دار کرنٹ لگا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بجلی کے جھٹکے کے بعد بچی بے سدھ ہو گئی جبکہ اس کا بھائی مدد کے لیے چیختا چلاتا رہا۔ شور سن کر قریبی رہائشی فوری طور پر موقع پر پہنچے اور بچی کو ریسکیو کیا۔
پولیس کے مطابق کرنٹ لگنے سے متاثرہ بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بارشوں کے دوران کھلے تاروں، غیر محفوظ کھمبوں اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔