(علی رامے)پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے ۔ پی ڈی ایم اے نے پنجاب کی تمام ڈویژنل انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق تیز بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں، ضلع ڈیرہ غازی خان کے نالوں میں خطرناک سیلاب کے امکانات ہیں۔ منگلہ ڈیم 76فی صد اور تربیلہ ڈیم 80فی صد پانی سے بھر چکے ہیں۔ دریائے سندھ میں تربیلہ اور کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سند ھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔دریائے ستلج میں جی ایس والا اورسلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ڈی جی خان اور راجن پور سیالکوٹ ، نارووال اور راولپنڈی کے ندی نالوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں طغیانی کا امکان ہے ۔پنجاب کی تمام ڈویژنل انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔
راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کو نالہ لئی سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔نالہ لئی کے راستے سے مقامی آبادی کو خالی کروانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔