ویب ڈیسک: حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ جو افراد غیر پراسیس شدہ (قدرتی) غذاؤں پر مشتمل خوراک استعمال کرتے ہیں، وہ فطری طور پر کم کیلوریز لیتے ہیں، جس کے نتیجے میں وزن میں کمی آتی ہے، چاہے وہ خوراک کی مقدار زیادہ ہی کیوں نہ کھا لیں۔
2019 کے ایک کلینیکل ٹرائل کے دوبارہ جائزے میں محققین نے الٹرا پروسیسڈ غذاؤں اور قدرتی غذاؤں کا موازنہ کیا۔ امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق قدرتی غذائیں استعمال کرنے والے افراد نے الٹرا پروسیسڈ غذا کھانے والوں کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ مقدار میں خوراک کھائی، مگر روزانہ اوسطاً 330 کیلوریز کم لیں۔
اس کے برعکس الٹرا پروسیسڈ غذائیں استعمال کرنے والوں نے روزانہ 508 اضافی کیلوریز لیں، جس کے نتیجے میں صرف ایک ہفتے میں ان کے وزن میں تقریباً 2 پاؤنڈ اضافہ دیکھا گیا۔
تحقیق سے واضح ہوا کہ زیادہ کھانا خود مسئلہ نہیں، بلکہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں کم مقدار میں بھی زیادہ کیلوریز والی خوراک کی طرف مائل کرتی ہیں، جو موٹاپے کا سبب بن سکتی ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ قدرتی غذاؤں میں ذائقہ، غذائیت اور پیٹ بھرنے کے احساس کا توازن بہتر ہوتا ہے، جبکہ مجموعی توانائی کی مقدار کم رہتی ہے۔ قدرتی غذا جسم کو ضروری وٹامنز اور معدنیات فراہم کرتی ہے، جبکہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں مائیکرو نیوٹرینٹس کے ساتھ کیلوریز میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہیں، جس سے زیادہ کیلوریز لینے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔