ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کردیا

پی ٹی آئی نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے وزیراعظم کی مشروط مذاکراتی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشکش دوغلے پن اور منافقت کی عکاس ہے، اور پی ٹی آئی مسلط حکومت سے کسی بھی صورت مذاکرات نہیں کرے گی کیونکہ عوامی مینڈیٹ چوری کیا جا چکا ہے۔

 شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو مذاکرات کا اختیار دے رکھا ہے، اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کی قیادت سے بات چیت کرنی چاہیے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی سے معافی کا مطالبہ سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن کو ظاہر کرتا ہے، من گھڑت بیانیے پر معافی مانگنے کا تقاضا جمہوری رویہ نہیں بلکہ آمریت کی علامت ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ بانی چیئرمین کو تنہائی میں غیر انسانی حالات میں قید رکھا گیا ہے اور عدالتی احکامات کے باوجود ان سے ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

شیخ وقاص اکرم کے مطابق فارم 47 کے تحت بننے والی حکومت کے وزرا توہینِ عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، جبکہ عدلیہ اپنے احکامات پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات تیزی سے چلائے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد وزرا عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں اور پی ٹی آئی کی آئینی جدوجہد کو ریاست دشمن قرار دینا ایک خطرناک سازش ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو پامال کرنا ریاستی کمزوری کا باعث بنتا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی ضمیر کے قیدی ہیں اور کسی جرم کے بجائے اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کے باعث قید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جبر، قید اور دھمکیوں کے ذریعے عوامی حمایت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، حکومت پارلیمان کو غیر مؤثر، عدلیہ کو دباؤ میں اور میڈیا کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے