عابد چودھری: لاہور میں سپیشل برانچ کے اہلکاروں پر دکانداروں کو مبینہ طور پر ڈرا دھمکا کر بھتہ وصول کرنے کے الزام میں دو مقدمات درج کرلیے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق مغلپورہ میں ریسٹورنٹ مالک عنایت الرحمان سے ریسٹورنٹ رات دیر تک کھلوانے کے نام پر 20 ہزار روپے بھتہ طلب کیا گیا، جبکہ سپیشل برانچ کے انٹیلی جنس آپریٹر ویصام مصطفیٰ نے مبینہ طور پر ڈرا دھمکا کر 10 ہزار روپے وصول کیے۔
دوسرے واقعے میں کوٹ لکھپت میں سپیشل برانچ کے اہلکار پر ایل پی جی دکانداروں کو ڈرا دھمکا کر ہزاروں روپے بھتہ وصول کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ماڈل ٹاؤن سپیشل برانچ کے اہلکار افتخار نے ایل پی جی کے دکانداروں کو مبینہ طور پر ڈرا دھمکا کر بھتہ وصول کیا۔ دکانداروں نے پولیس کے اعلیٰ افسران کو درخواست دی، جس پر ہونے والی انکوائری میں افتخار کو قصوروار قرار دیا گیا۔
دونوں واقعات کے مقدمات ڈی ایس پی سپیشل برانچ لاہور شہباز احمد کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔ مقدمات میں بھتہ خوری اور اختیارات سے تجاوز کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔